9 مئی واقعات: عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر 108 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزائیں

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق دو مختلف مقدمات میں تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں سمیت مجموعی طور پر 167 ملزمان کے خلاف فیصلہ سنا دیا، جن میں سے 108 افراد کو سزائیں اور باقی کو بری کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے حساس ادارے پر حملے کے کیس میں 185 میں سے 108 افراد کو سزا سنائی، جبکہ غلام محمد آباد میں درج مقدمے میں 66 ملزمان میں سے 58 کو 10،10 سال قید کی سزا دی گئی اور 8 کو بری کر دیا گیا۔

سزاپانے والوں میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور سابق وزیر زرتاج گل شامل ہیں، جنہیں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10 سال اور جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی، جو اس کیس میں سب سے کم مدت کی سزا ہے۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر کو 9 مئی کیس میں 10 سال قید کی سزا

ادھر عدالت نے بعض معروف شخصیات کو بری بھی کر دیا، جن میں فواد چوہدری، سیال کاسترو اور زین قریشی (شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے) شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ کو بھی 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

فیصلے کے دن عدالت کے اندر اور باہر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔