ندا صالح، اورنج لائن ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور
لاہور میں خواتین کی خودمختاری اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون، ندا صالح، نے باقاعدہ طور پر ٹرین کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی ہے۔
ندا صالح نے 6 ماہ کی ٹیکنیکل تربیت مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر ڈرائیور کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ان کی تعیناتی نہ صرف خواتین کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں صنفی مساوات کی جانب ایک عملی قدم بھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ندا صالح کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ:
"ندا صالح جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں۔ یہ قدم اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری خواتین کسی میدان میں پیچھے نہیں۔ پنجاب حکومت خواتین کو ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرتی رہے گی۔”
لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ کی نئی جھلک: الیکٹرک ٹرام منصوبہ
لاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور خوشخبری ہے۔ میٹرو بس، اورنج لائن اور الیکٹرک بس کے بعد اب لاہور کی سڑکوں پر جلد بجلی سے چلنے والی ٹرام بھی دوڑے گی۔
یہ جدید ٹرام 3 باکسز پر مشتمل ہو گی اور مکمل طور پر الیکٹرک ہو گی۔ ٹرام صرف 10 منٹ چارج ہونے کے بعد 25 سے 27 کلومیٹر فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ٹرام میں 250 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی، جب کہ اس کی اسمبلنگ کا کام علی ٹاؤن ڈپو میں جاری ہے۔
پہلے مرحلے میں اسے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ ٹیسٹنگ اور کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
