جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی پُرتعیش شادی کا آغاز، خرچ 56 ملین ڈالر سے زائد متوقع
وینس: دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی اور ارب پتی جیف بیزوس اپنی منگیتر، معروف امریکی صحافی لورین سانچیز سے شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں، جس کی تین روزہ پُرتعیش تقریبات آج سے اٹلی کے تاریخی شہر وینس میں شروع ہو رہی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل جیف بیزوس کی یہ شادی صدی کی سب سے بڑی اور مہنگی شادیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ اس پروقار تقریب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سمیت دنیا بھر سے وی آئی پی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق شادی پر 56 ملین ڈالر سے زائد (تقریباً 15 ارب روپے) خرچ ہوگا، جو اسے دنیا کی مہنگی ترین شادیوں میں شامل کرتا ہے۔
واضح رہے کہ 61 سالہ جیف بیزوس اور 55 سالہ لورین سانچیز کی منگنی 2023 میں ہوئی تھی۔ بیزوس نے 2019 میں اپنی سابقہ اہلیہ میکنزی اسکاٹ سے 26 برس کی رفاقت کے بعد علیحدگی اختیار کی، جن سے ان کے 4 بچے ہیں۔ جبکہ لورین سانچیز نے 13 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2019 میں اپنے شوہر پیٹرک وائٹسیل سے طلاق لے لی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔
