ایس سی او کانفرنس: بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کا مشترکہ اعلامیہ پر دستخط سے انکار

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

بیجنگ: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے دفاع کانفرنس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں پہلگام حملے کا ذکر نہ ہونے پر بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ برہم ہو گئے اور اعلامیے پر دستخط کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ اجلاس میں شریک بھارتی وزیردفاع اعلامیے میں اپنی پسند کے نکات نہ دیکھ کر سخت مایوس نظر آئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے اعلامیے پر دستخط نہ کر کے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا، کیونکہ اس دستاویز میں نہ تو اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکتوں کا ذکر تھا اور نہ ہی بھارت کے مطالبات شامل کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں، اعلامیے میں بالواسطہ طور پر بھارت پر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے، جس پر بھارتی وزیر دفاع نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دستخط سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ اپریل میں پہلگام میں بھارتی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ بھارت نے اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا اور جوابی کارروائی کی کوشش کی، جس پر پاکستان نے بھی بھرپور دفاعی ردعمل دیا۔