ایران کا ایک اور بڑا حملہ، جنوبی اسرائیل کے سب بڑے ہسپتال کو نقصان پہنچا
ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، جب ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز، ایک انٹیلی جنس کیمپ اور سوروکا اسپتال کے قریب کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ اب تک کا سب سے وسیع اور شدید ایرانی حملہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق کم از کم 47 افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ شیلٹرز میں چھپے 4 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
ایرانی حملوں کا دعویٰ
ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق، جمعرات کی صبح کیے گئے ان حملوں کا ہدف اسرائیلی فوج کی مرکزی کمانڈ اور انٹیلی جنس تنصیبات تھیں۔
ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ:
"سوروکا اسپتال کے قریب واقع اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ اسپتال کو نقصان فوجی اہداف کے قریب ہونے کے باعث ہوا۔”
اسرائیلی ردعمل: آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کی دھمکی
اس حملے کے جواب میں اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے براہِ راست ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا:
"خامنہ ای کو اپنے جرائم کی قیمت چکانا پڑے گی، اور ہم ان کے نظام کو تہس نہس کر دیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہم ایران میں نئے اسٹریٹجک اہداف پر حملے کریں گے تاکہ ریاست اسرائیل پر منڈلاتے خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔”
وزیراعظم نیتن یاہو کا سخت ردعمل
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایرانی حملوں کو "سنگین اشتعال انگیزی” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ:
"ایران نے اسپتالوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، اور اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔”
جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملہ
ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے بھی ایران کے جوہری پروگرام کو ہدف بنایا۔
-
اراک میں واقع خنداب نیوکلیئر ری ایکٹر
-
نطنز میں موجود یورینیم افزودگی مرکز
پر اسرائیلی حملے کیے گئے، جن کی ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ:
"حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور جوہری مواد یا تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔”
ایران کا سخت پیغام امریکا کو
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکا کو خبردار کیا کہ:
"اگر امریکا نے اسرائیل کے دفاع میں مداخلت کی تو ایران اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور دفاع کرے گا۔”
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جوہری نگران ادارے IAEA پر بھی شدید تنقید کی اور اسے "اسرائیل کی جنگی مہم کا حصہ بننے” کا الزام دیا۔
اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس
اسرائیلی اخبار ’ہارتز‘ کے مطابق:
-
تل ابیب، حیفہ اور دیگر علاقوں میں شہری شدید خوف میں مبتلا ہیں
-
شیلٹرز میں بھی ایرانی میزائلوں نے جانیں لے لیں
-
حیفہ میں 4 افراد شیلٹر کے اندر ہلاک ہو گئے
