ترکیہ میں 2800 سال قدیم شاہی مقبرہ دریافت، مڈاس خاندان سے تعلق کا انکشاف
ترکیہ کے تاریخی شہر گورڈین میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے ایک غیرمعمولی دریافت کی ہے، جہاں ایک 2800 سال پرانا شاہی مقبرہ سامنے آیا ہے۔ یہ علاقہ دارالحکومت انقرہ کے جنوب مغرب میں واقع ہے، جو قدیم فریجیئن سلطنت کا مرکز رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ انکشاف ماہرین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے کھدائی کے دوران کیا، جو اس علاقے میں طویل عرصے سے تحقیق میں مصروف تھی۔ ترک وزیرِ ثقافت و سیاحت مہمت نوری ایرسوئے نے 3 جون کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مقبرے کے اندر پائے جانے والے نوادرات سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ قبر فریجیئن بادشاہ مڈاس کے شاہی خاندان کے کسی فرد کی ہو سکتی ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گورڈین قدیم فریجیئن سلطنت کا دارالحکومت تھا، جو تقریباً 1200 قبل مسیح سے 675 قبل مسیح تک ایک طاقتور ریاست رہی۔ ابتدائی طور پر اس پر بادشاہ گورڈیاس کی حکمرانی تھی، جس کے بعد اس کا بیٹا مڈاس تخت نشین ہوا۔ تاریخ کے مطابق، سکندرِ اعظم کے حملے کے بعد فریجیئن سلطنت کا زوال ہوا۔
یہ نئی دریافت نہ صرف آثار قدیمہ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ فریجیئن تہذیب کے متعلق موجودہ تاریخی معلومات کو مزید وسعت دینے کا سبب بھی بنے گی۔
