حکومت کا پیٹرول پمپس پر چوری روکنے کیلئے بڑا اقدام: نوزلز کو ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ
کراچی: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی چوری و اسمگلنگ کے سدباب کیلئے پیٹرول پمپس پر ایک نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت پیٹرولیم پمپس پر چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کیلئے نوزلز کو ڈیجیٹل کرنے کا منصوبہ لا رہی ہے۔
نیا سسٹم: چوری اور فراڈ کی روک تھام
وزیر کے مطابق پیٹرول پمپ نوزلز کی ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف اندورن پمپ چوری کی روک تھام ممکن ہوگی بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کے معیار و مقدار پر بھی سخت مانیٹرنگ ممکن بنائی جا سکے گی۔
گیس بحران پر موقف
گھریلو گیس کنیکشنز کے بارے میں سوال کے جواب میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ مقامی گیس دستیاب نہیں، اس لیے نئے گھریلو کنیکشنز کو امپورٹڈ گیس پر منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعظم سے بات کریں گے۔
بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی میں رکاوٹ
انہوں نے واضح کیا کہ بجلی پیدا کرنے والے ادارے ایل این جی کی خریداری نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے 400 ایم ایم سی ایف ڈی مقامی گیس کی فراہمی روکنا پڑی ہے۔
پیٹرولیم لیوی اور قیمتوں پر اثر
پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (PDL) میں اضافہ ضرور ہوا ہے، لیکن وزیر کے مطابق فی الحال اس کا براہ راست اثر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نہیں پڑا۔
امریکہ سے تجارت پر اپ ڈیٹ
امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ امپورٹ بڑھانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس پر جلد حکمت عملی طے کرے گی۔
