مکہ مکرمہ: حج کی خاطر آئی مصری خاتون کا بروقت کامیاب آپریشن، بینائی بحال
مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں طبی ماہرین کی فوری تشخیص اور بہترین طبی سہولیات کی بدولت حج کے لیے مکہ آنے والی ایک مصری خاتون کی بینائی بحال ہو گئی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق، سعودی وزارت صحت نے بتایا کہ اس خاتون کو اچانک موتیابند کی شدید حالت لاحق ہوئی تھی، جس کے ساتھ ریٹینا کے الگ ہونے کا خطرہ بھی موجود تھا۔ ایسے مریضوں کے لیے فوری سرجری نہ کروانے کی صورت میں بینائی ہمیشہ کے لیے ختم ہو سکتی ہے۔
مکہ کے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے آئی ہیلتھ سینٹر میں خاتون کا فوری آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی بینائی بحال ہو گئی۔ سرجری کے بعد خاتون کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
اب بینائی کی بحالی کے بعد یہ مصری خاتون دوبارہ مناسک حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔
