پہلے کبھی جھکے نہ آئندہ جھکیں گے، شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستانتازہ ترین

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چینی میڈیا گروپ ’سی جی ٹی این چائنہ اردو‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ خودداری، عزم اور ایمان کے ساتھ اپنے دشمنوں کا مقابلہ کیا ہے، اور آئندہ بھی وطن عزیز پر کسی قسم کی اجارہ داری یا دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جھوٹے بیانیے پر الزامات ناقابل قبول

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ملک مسلسل جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے، بغیر کسی ثبوت کے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، لیکن پاکستانی قوم کسی کے جھوٹے بیانیے کے سامنے نہ پہلے جھکی، نہ اب جھکے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

خوداعتمادی اور عزم ہماری کامیابی کی کنجی

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہر معرکے میں کامیابی کی بنیاد اللہ تعالیٰ کی مدد کے بعد قوم کی خوداعتمادی اور غیرمتزلزل عزم ہے۔ "ہم نے دنیا کو دکھایا کہ پاکستان امن پسند، باوقار اور باحوصلہ قوم ہے، اسی لیے عالمی برادری نے ہماری بات کو اہمیت دی۔”

دہشت گردی: ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ

ترجمان پاک فوج نے دہشت گردی کو پاکستان اور خطے کی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک نہ صرف دفاعی لحاظ سے قریبی شراکت دار ہیں بلکہ ترقی و امن کے میدان میں بھی قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔

پاکستان اور چین: ترقی و فلاح کے ضامن

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چین کی ترقی کو دنیا کے لیے ایک مثالی ماڈل قرار دیا اور کہا کہ چین نے قلیل مدت میں ایک بڑی آبادی کے ساتھ جو کامیاب ترقیاتی ماڈل پیش کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ پاکستان بھی اسی سفر کی جانب گامزن ہے اور عوام خوشحالی و ترقی کے متلاشی ہیں۔

عزمِ شہادت: وردی کی رنگت سے بالاتر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ پاک فوج کے جوانوں کے لیے شہادت سب سے بڑا اعزاز ہے، چاہے وردی نیلی ہو، سفید ہو یا خاکی، سب کا مقصد ایک ہے: ملک و قوم کی حفاظت۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شہادت کی آرزو، زندگی سے زیادہ اہم ہے۔

امن و ترقی کے لیے متحد قوم

انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے زور دیا کہ پاکستان میں اب ایک "آہنی دیوار” قائم ہو چکی ہے جس میں افواج پاکستان، عوام، حکومت، میڈیا اور نوجوان طبقہ شامل ہے۔ اس دیوار کا رخ اب دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی جانب موڑ دیا گیا ہے، اور ان شاءاللہ پاکستان جلد ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں کو چھوئے گا۔

شکرگزاری اور عاجزی ہمارا شیوہ

انہوں نے کہا کہ "آج اگر آپ پاکستان کی گلیوں اور بازاروں کو دیکھیں، تو لوگ فتح کے جشن میں مست نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ یہ قوم غرور کی نہیں، شکرگزاری کی قوم ہے۔”