برطانوی کوہ پیما نے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنیکا نیا عالمی ریکارڈ کردیا
برطانیہ کے شہرت یافتہ کوہ پیما کینٹن کول نے ماؤنٹ ایورسٹ کو 19ویں مرتبہ سر کر کے اپنا ہی ریکارڈ بہتر بناتے ہوئے ایک نیا عالمی سنگِ میل قائم کر دیا۔ اب وہ ایورسٹ پر سب سے زیادہ مرتبہ قدم رکھنے والے غیر نیپالی کوہ پیما بن گئے ہیں۔
51 سالہ کول نے اتوار کی صبح نیپالی گائیڈ شیرپا دورجی گیالجن کے ہمراہ 8,849 میٹر بلند چوٹی تک کامیاب پیش قدمی کی۔ یاد رہے کہ کول نے پہلی بار 2004 میں ایورسٹ فتح کیا تھا اور تب سے تقریباً ہر سال یہ جان جوکھم مہم سر انجام دیتے آ رہے ہیں۔
دوسری جانب نیپال کے لیجنڈری شیرپا کامی ریتا اب تک 30 دفعہ ایورسٹ سر کر چکے ہیں اور رواں سیزن میں ایک اور ریکارڈ کے تعاقب میں ہیں۔
اسی ہفتے ایورسٹ پر دو افسوس ناک ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں، جن میں بھارتی کوہ پیما سُبراتا گھوش اور فلپائن کے فلپ پی جے سانتیاگو دوم شامل ہیں۔
