شیخ حسینہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نصرت فاریہ گرفتار
ڈھاکا: بنگلہ دیش کی معروف اداکارہ نصرت فاریہ کو ڈھاکا کے شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ تھائی لینڈ روانہ ہونے والی تھیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امیگریشن چیک پوائنٹ پر اُن کے خلاف جاری وارنٹ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
31 سالہ نصرت فاریہ نے بنگلہ دیش اور بھارت کی مشترکہ فلم ’’مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن‘‘ میں موجودہ مفرور سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کا کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمٰن کی زندگی پر بنائی گئی تھی اور اسے بھارتی ہدایتکار شیام بینیگل نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق، فاریہ پر الزام ہے کہ وہ جولائی 2024 میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران شیخ حسینہ پر مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش میں ملوث تھیں۔ ان مظاہروں کے بعد ملک میں شدید سیاسی بحران پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں شیخ حسینہ نے وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دیا اور بعد ازاں بھارت منتقل ہو گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نصرت فاریہ کی گرفتاری ان پرتشدد مظاہروں اور اس دوران ہونے والی کارروائیوں کی تحقیقات کا حصہ ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت بنگلہ دیشی حکومت نے ان واقعات کے پس منظر میں کئی اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بنگلہ دیشی حکام نے انٹرپول سے شیخ حسینہ کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست بھی دی ہے۔
