قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، میڈیا کی کارکردگی قابلِ فخر رہی: جنرل عاصم منیر

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات میں قوم نے جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے، اور جس طرح پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور اور حقیقت پر مبنی جواب دیا، وہ دشمن کو مدتوں یاد رہے گا۔

یومِ تشکر کے سلسلے میں اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت اعلیٰ حکام اور وزرا نے شرکت کی۔

اس پُروقار موقع پر مادرِ وطن کے تحفظ کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

جنرل عاصم منیر نے تقریب کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا میڈیا ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر سامنے آیا، اس نے کوئی چیز نہیں چھپائی بلکہ حقائق کے ساتھ دشمن کے جھوٹ کا جواب دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ میڈیا کی پیشہ ورانہ کارکردگی نے بھارتی بیانیے کو ناکام بنا دیا، اور ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا میڈیا ہماری طاقت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن شکر اور عزمِ نو کا دن ہے، ہم ان شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا، مگر ہماری دریا دلی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہم نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے تکبر اور ضد کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کی گئی جارحیت کے بعد پاکستان نے فوری، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 جنگی طیارے — جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے — مار گرائے۔ اس کے بعد 10 مئی کو پاکستان نے اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا، جس کے بعد نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا گیا بلکہ خود بھارت کے اندر سے بھی سوالات اٹھنے لگے۔