ملتان میں گرمی کا پارہ ہائی، ہیٹ سٹروک کا خطرہ بڑھ گیا۔ شہری گھر سے نہ نکلیں۔
ملتان میں درجہ حرارت ایک بار پھر سے بڑھنے لگا ہے اور موسم کا پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
شدید گرمی نے شہری زندگی کو ایک چیلنج بنا دیا ہے۔ اسکولز بند نہیں ہوئے، ٹریفک بھی رواں دواں ہے، اور شہری تپتے سورج میں کاموں میں مصروف ہیں۔
اس صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نے کچھ مقامات پر پانی کے اسٹالز اور شیڈز تو لگا دیے ہیں، لیکن یہ اقدامات کافی نہیں ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے ضلعی حکومت کو شہر کے تمام حصوں میں لوگوں کو پانی کی سہولت فراہم کی جائے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس شدید گرمی کے دوران شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔ پانی کا استعمال بڑھائیں، دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے سے گریز کریں، اور خاص طور پر بزرگ شہریوں اور بچوں کا خیال رکھیں کیونکہ وہ اس گرمی میں زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ملتان میں گرمی اب صرف موسم نہیں بلکہ ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔ حکومتی اقدامات میں مزید شدت اور مؤثریت کی ضرورت ہے تاکہ شہری اس مشکل موسم سے بہتر طریقے سے نمٹ سکیں۔
