آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر یوم تشکر، قوم کا افواجِ پاکستان کو خراج تحسین
اسلام آباد / ملتان — پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص میں عظیم الشان کامیابی حاصل کی، جس پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
یوم تشکر کا آغاز قرآن خوانی، خصوصی دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ پرچم کشائی کی تقریبات بھی ملک بھر میں جاری ہیں۔
افواج پاکستان اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور نمازِ جمعہ میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آج رات مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ہو گی، جس میں وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔
آپریشن بنیان مرصوص کی فتوحات
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کی گئی جارحیت کے جواب میں 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مار گرائے اور 10 مئی کو فیصلہ کن جوابی کارروائی میں بھارت کو پسپائی پر مجبور کر دیا، جسے نہ صرف عالمی سطح پر سراہا گیا بلکہ خود بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھیں۔
ملتان میں یوم تشکر کی گونج، ریلیاں، تقریبات اور قومی جذبہ
ملتان میں یوم تشکر بھرپور جذبے سے منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مرکزی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
-
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے۔
-
سی پی او آفس میں منعقدہ تقریب میں سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت۔
-
شرکاء نے شہداء کو خراجِ عقیدت اور قوم کے اتحاد کو سلام پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا:
"شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمارا مستقبل محفوظ بنایا۔ پوری قوم اپنی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔”
سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا:
"قومی اتحاد اور فوج کی جرأت نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، دنیا آج پاکستان کی عسکری قوت کو تسلیم کر چکی ہے۔”
یوم تشکر ریلی
-
ریلی پولیس لائنز سے چوک کچہری تک نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نے کی۔
-
ریلی میں ن لیگی رہنما جاوید اختر انصاری اور پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر اختر ملک نے شرکت کی۔
-
شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی اور دشمن کو کرارا جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
قوم کا پیغام: پاکستان متحد ہے، دشمن کو جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار
آج کا دن پوری قوم کے لیے فخر، تشکر اور عزم کا دن ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے دشمن کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کی سرزمین پر جارحیت کا جواب دندان شکن ہو گا، اور قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
