فوجی راز افشا کرنے کے الزام میں بھارتی پنجاب سے دو افراد گرفتار

اہم خبریںدنیا

نئی دہلی/چنڈی گڑھ: بھارتی پنجاب میں دو افراد، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، کو مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان افراد نے حساس فوجی معلومات، خصوصاً بھارتی فوج کی نقل و حرکت سے متعلق تفصیلات، پاکستان کو فراہم کیں۔

رپورٹس کے مطابق، گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ وہ بھارتی فوجی معلومات پاکستانی سفارت خانے کے ایک اہلکار کو فراہم کر رہے تھے۔ اس مبینہ جاسوسی کے بعد بھارت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر اہلکار کو "ناپسندیدہ شخصیت” (Persona Non Grata) قرار دے دیا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، متعلقہ پاکستانی اہلکار کو 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا اور باقاعدہ "ڈی مارش” کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات پہلے ہی تناؤ کا شکار ہیں، اور اس نئی پیش رفت سے سفارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم ماضی میں پاکستان بھارتی الزامات کو بے بنیاد اور پروپیگنڈے کا حصہ قرار دیتا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے واقعات اکثر دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں اور خطے میں امن کی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔