ترکیہ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ ہے، صدر اردوان کا دوٹوک اعلان

اہم خبریںپاکستاندنیا

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ ہر حال میں پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، چاہے حالات جیسے بھی ہوں۔

ترک کابینہ کے اجلاس کے بعد اپنے خطاب میں صدر اردوان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکیہ نے نہ صرف کشمیر میں ہونے والے دہشت گرد حملوں بلکہ پاکستان پر میزائل حملوں کے حوالے سے بھی اپنا واضح مؤقف اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے درمیان خطرناک کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ترکیہ نے اپنی طرف سے بھرپور اور سنجیدہ سفارتی کوششیں کیں۔ "میں نے اپنے بھائی وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس نازک موقع پر ان کے صبر، تحمل اور بردباری پر ان کی تعریف کی۔”

صدر اردوان نے پاکستان کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا:

"ترکیہ پاکستانی عوام کے ساتھ ان کے ہر اچھے اور برے وقت میں کھڑا رہے گا۔ ہماری دوستی وقتی نہیں، آزمائشوں سے گزری ہوئی اور پائیدار ہے۔”

انہوں نے پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا شکار نہ ہو اور صبر و حکمت کا مظاہرہ جاری رکھے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ بندی سے جو پرامن ماحول پیدا ہوا ہے، وہ نہ صرف اعتماد سازی میں مدد دے گا بلکہ پانی سمیت دیگر اہم مسائل کے حل کی راہ بھی ہموار کرے گا۔

صدر اردوان کے یہ بیانات نہ صرف ترکیہ کی پاکستان سے گہری دوستی کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ خطے میں قیام امن کے لیے ترکیہ کے فعال کردار کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔