اجے دیوگن کی ایکشن فلم ‘ریڈ 2’ کا دھماکے دار ٹریلر ریلیز
بالی ووڈ کے مشہور اداکار اجے دیوگن اور رتیش دیش مکھ ایک بار پھر ایکشن اور ڈرامے سے بھرپور فلم RAID 2 میں آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے، جس نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
ریڈ 2 میں اجے دیوگن ایک بار پھر انڈین ریونیو سروس کے افسر کے کردار میں جلوہ گر ہیں، جو اس بار کرپٹ سیاست دان کے کردار میں نظر آنے والے رتیش دیش مکھ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہیں۔ ٹریلر میں دونوں اداکاروں کے درمیان شدید تناؤ اور جذباتی ٹکراؤ کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ٹریلر میں وانی کپور بھی اہم کردار میں دکھائی دیتی ہیں جبکہ فلم میں ایکشن، سسپنس اور ڈرامے کا زبردست امتزاج موجود ہے۔ فلم کی کہانی اس وقت مزید دلچسپ ہو جاتی ہے جب اجے دیوگن کا کردار سیاست دان کے گھر پر ریڈ کرتا ہے اور بہت سے رازوں سے پردہ اٹھتا ہے۔
یاد رہے کہ پہلی فلم ریڈ میں اجے دیوگن نے امے پٹنائک کا کردار نبھایا تھا جس نے رامیشور سنگھ (سوربھ شکلا) کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور مندر میں چھپے کالے دھن کو بے نقاب کیا تھا۔ ریڈ 2 میں بھی سوربھ شکلا اپنی اداکاری سے جان ڈالیں گے۔
فلم کے ہدایت کار راج کمار گپتا ہیں جبکہ پروڈیوسرز میں بھوشن کمار، منگت پاٹھک، ابھیشک پاٹھک اور کرشن کمار شامل ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں وانی کپور، سوربھ شکلا، رجت کپور، سپریا پاٹھک اور امیت سیال بھی شامل ہیں۔
ریڈ 2 پہلے 15 نومبر 2024 کو ریلیز ہونا تھی لیکن پوسٹ پروڈکشن کے مراحل مکمل نہ ہونے کے باعث اب فلم یکم مئی 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
ٹریلر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شائقین نے فلم کی تعریفوں کے پل باندھ دیے ہیں اور اب سب کو انتظار ہے کہ اجے دیوگن اور رتیش دیش مکھ کے درمیان ڈرامائی تصادم کب پردہ اسکرین پر دھماکہ کرے گا۔
