ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ سے سماعت متاثر، مدیحہ امام کا انکشاف

انٹرٹینمنٹ

پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ لگنے کی وجہ سے ان کے ایک کان کی سماعت متاثر ہوئی۔

مدیحہ امام نے عید کے موقع پر ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ اپنے ایک کان سے کم سنتی ہیں۔ ان کے اس بیان کی تصدیق اداکار فیصل قریشی نے بھی کی، جنہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایک سیٹ پر پیش آیا تھا۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر سماعت سے محروم نہیں ہوئیں، لیکن جب ان سے بات کی جائے تو دوسروں کو تھوڑا اونچا بولنا پڑتا ہے۔ مدیحہ امام نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ایک ساتھی اداکار کے تھپڑ نے ان کے کان پر ایسا اثر ڈالا کہ اب انہیں ایک کان سے کم سنائی دیتا ہے۔

جب میزبان نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے اس اداکار کو معاف کر دیا جس نے انہیں تھپڑ مارا تھا، تو مدیحہ امام نے جواب دیا، "ظاہر ہے، یہ جان بوجھ کر کس نے کرنا تھا؟ یہ غلطی سے لگ گیا تھا۔”

اداکار فیصل قریشی نے بھی اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انہیں اداکارہ صبا قمر کی جانب سے زوردار تھپڑ پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرد اداکاروں کا ہاتھ بھاری ہوتا ہے، اس لیے خواتین کو اصل میں مارنے کے بجائے شوٹنگ میں ایسے دکھایا جاتا ہے جیسے تھپڑ مارا گیا ہو۔

مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اداکاری کوئی آسان کام نہیں، اور اس میں جسمانی چوٹ لگنے کے امکانات بھی موجود ہوتے ہیں۔