پی سی بی کا چیمپئنز ٹرافی 2025 سے نقصان کے بھارتی دعوے پر دوٹوک جواب

پاکستانتازہ ترینکھیل

بھارتی میڈیا نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاکستان کرکٹ کو نشانہ بنانے کی مہم چلا دی، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ پر مبنی کہانیاں تراش رہا ہے، جس کا مقصد صرف پاکستان کرکٹ کو بدنام کرنا ہے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کمی کو جواز بنا کر غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے مزید واضح کیا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے پی سی بی کو کسی مالی نقصان کا سامنا نہیں، بلکہ پاکستان کو 6 ملین ڈالرز کی میزبانی فیس ملے گی۔ اس کے علاوہ گیٹ منی سے حاصل ہونے والی آمدنی کا تعین آڈٹ کے بعد ہوگا۔ ہوٹل، سفری اخراجات، انعامی رقم اور دیگر مالی امور کی ذمہ داری آئی سی سی کی ہے، اس لیے نقصان کے دعوے بے بنیاد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی 2025: فائنل میں پی سی بی حکام کی غیر موجودگی، آئی سی سی کی وضاحت سامنے آگئی

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد سے 85 ملین ڈالر (869 کروڑ روپے) کا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد پی سی بی نے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کمی اور 5 اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کرنے جیسے اقدامات کیے ہیں۔