دانش تیمور کا چار شادیوں پر بیان، سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

انٹرٹینمنٹ

اداکار دانش تیمور کا رمضان ٹرانسمیشن میں دیا گیا چار شادیوں سے متعلق بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

حال ہی میں دانش تیمور اور ان کی اہلیہ، معروف اداکارہ عائزہ خان، ایک رمضان نشریات کا حصہ بنے جہاں دانش نے کہا کہ اسلام نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت دی ہے، لیکن وہ عائزہ سے محبت اور احترام کی وجہ سے مزید شادیاں نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا، "مجھے اللہ نے چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور یہ میرا حق ہے جو مجھ سے کوئی چھین نہیں سکتا، لیکن میں ایسا نہیں کر رہا کیونکہ یہ میری عائزہ کے لیے محبت اور احترام کی علامت ہے کہ فلحال میں ان کے ساتھ ہوں۔”

دانش تیمور کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا، لیکن خاص طور پر ان کے لفظ "فلحال” پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے الفاظ سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ مستقبل میں مزید شادیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، بس اس وقت عائزہ خان کے ساتھ ہیں۔

ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر صارفین دانش تیمور کے اس بیان پر میمز اور تنقیدی تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ اداکار کو اپنے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط برتنی چاہیے، جبکہ کچھ نے طنزاً لکھا کہ "دانش تیمور کی باتوں سے لگ رہا ہے کہ بس صحیح وقت کا انتظار کر رہے ہیں!”

یہ پہلی بار نہیں کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کسی شخصیت کے شادیوں سے متعلق بیان پر ہنگامہ برپا ہوا ہو۔ تاہم، دانش تیمور کے خاص طور پر "فلحال” کہنے نے لوگوں کو مزید بحث کا موقع دے دیا ہے، اور یہ بیان ہر طرف زیر بحث ہے۔