الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قواعد بنا لیئے گئے، ماہانہ اخراجات میں تین گنا کمی کی امید
اسلام آباد: وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشنز کے قواعد و ضوابط مکمل کر لیے گئے ہیں، جن سے موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے ماہانہ اخراجات میں تین گنا کمی آئے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر توانائی نے بتایا:
- ہر محلے میں چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
- 15 دن کے اندر چارجنگ اسٹیشن کی منظوری دی جائے گی۔
- گلی محلوں میں موٹر سائیکل اور رکشے چارج کرنے کے لیے سہولت فراہم کی جائے گی۔
- یہ اقدام چھوٹے کاروباری افراد کے لیے مواقع پیدا کرے گا۔
- عوام کو الیکٹرک پالیسی سے نمایاں فائدہ ہوگا۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسی کے تحت:
- گردشی قرضے جولائی سے نومبر کے دوران 12 ارب روپے کم ہوئے۔
- بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی آئی۔
- بجلی چوری کے خلاف مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔
- نئے معاہدے کرکے 1400 ارب روپے کی بچت ممکن ہوگی۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ پاکستان اضافی بجلی کی پیداوار کے مسائل میں مبتلا ہے، لیکن جیسے جیسے بجلی کے نرخ کم ہوں گے، اس بحران سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ بجلی چوری کے خلاف جاری مہم میں مزید بہتری لانے کا عزم کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتوں کے معاملات پر بات چیت کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خزانہ ان مسائل کو حل کرنے میں مصروف ہے، اور توقع ہے کہ جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
