کرم میں امن کا قیام تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوگا،وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ضلع کرم میں تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر امن کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی میدان میں صوبوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وفاقی حکومت کو صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے تعلیمی چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
انہوں نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ سابقہ حکومت کے ایک وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے تباہ کن نتائج مرتب کیے، جس کے باعث پابندیاں لگیں۔ لیکن اللہ کے فضل سے یہ بندشیں ختم ہوچکی ہیں اور امید ہے کہ جلد لندن کے لیے بھی پروازوں کا آغاز ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: صوبہ خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 8 شدت پسند ہلاک، آئی ایس پی آر
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ضلع کرم میں حالات معمول پر آرہے ہیں۔ امن معاہدے کے تحت مورچوں کو مسمار کیا جا رہا ہے اور عوام کو خوراک اور ادویات کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام متعلقہ فریق امن کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز دن رات جاری ہیں اور امید ظاہر کی کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں اس فتنے کا مکمل خاتمہ ممکن ہوگا۔
