وزیر اعظم شہباز شریف کا چینی صدر اور عوام سے تباہ کن زلزلے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی تعزیت
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے 7 جنوری کو جاری کردہ ایک بیان میں چین کے شی زانگ خود مختار علاقے میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس تباہ کن زلزلے میں ہونے والے جانی نقصان پر صدر شی جن پنگ اور چینی عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس سانحے پر غمگین ہے، اور ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں چین کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر ممکن حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں چین کے شی زانگ خود مختار علاقے میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں چینی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی کارروائیوں میں ان کی حمایت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چین میں 6.8 شدت کا زلزلہ ،شی جن پنگ کا زندگیاں بچانے اور نقصانات کم کرنے کے لیے فوری امدادی کارروائیوں کا حکم
مزید کہا گیا کہ پاکستان زلزلے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے اور متاثرین کے لیے جاری امدادی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ قدرتی آفت کے اس لمحے میں پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور یکجہتی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

