بشریٰ بی بی 9 ماہ بعد توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل سے رہا

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کو 9 ماہ قید کے بعد اڈیالہ جیل سے رہائی مل گئی۔

اس کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے مچلکے جمع ہونے کے بعد منظور کی، جو ملک طارق محمود نون نے جمع کرائے۔ رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل میں پیش کی گئی، جس کے بعد سخت سکیورٹی کے ساتھ بشریٰ بی بی کو جیل کے گیٹ نمبر 5 سے روانہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک روز قبل توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی تھی۔ تاہم، سینئر جج شاہ رخ ارجمند کی غیرموجودگی اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر 2 ہمایوں دلاور کی رخصت کی وجہ سے رہائی کی روبکار اسی دن جاری نہ ہو سکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:نیب نے عمران خان کے خلاف 5کروڑ سے زائد کا نیا توشہ خانہ کیس واپس لے لیا

بشریٰ بی بی مجموعی طور پر 9 ماہ جیل میں گزار چکی تھیں، انہیں 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا کے اعلان کے بعد انہوں نے خود گرفتاری دے دی تھی۔

ابتدائی طور پر بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا اور کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔ بعد ازاں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی سزا کو معطل کر دیا تھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں توشہ خانہ ٹو کیس میں دوبارہ گرفتار کیا تھا۔