ججز کو مشکوک خطوط کا معاملہ، پوسٹ باکسز کے اطراف بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے خراب
سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے نام مشکوک خطوط کے معاملے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ پوسٹ بکس کے ارد گرد نصب سی سی ٹی وی کیمرے زیادہ تر ناقص ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کا محکمہ انسداد دہشت گردی ججز کو مشکوک خطوط کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے رجسٹراروں کو تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب ڈویژنل پوسٹ آفس سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کی حدود میں واقع پوسٹ باکسز کی انسپکشن جاری ہے اور پوسٹ بکس کے ارد گرد لگے بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے ناقص ہیں۔
سی ٹی ڈی افسر نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ ججز کو بھیجے گئے خطوط پنڈی جی پی او سے آئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے متبادل ذرائع سے کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، پوسٹ بکس ایریا میں واقع دکانوں اور دفاتر میں کام کرنے والے افراد سے بھی تفتیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی پوسٹ آفس کے تمام عملے سے بھی تفتیش کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے، پھر گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے ججز اور چیف جسٹس آف پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے ججز کو بھی مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے۔
