دنیا میں سب سے زیادہ دولت مند کون؟ فوربز کی فہرست جاری
امریکی جریدے فوربز نے 2024 کے لیے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کر دی ہے۔
فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ان کی دولت میں گزشتہ سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سال کے دوران مزید 141 افراد ارب پتی بنے اور اس فہرست میں کل 2781 افراد شامل ہیں۔
ان افراد کی کل دولت 14 ہزار 200 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جو 2023 کے مقابلے میں 2 ہزار ارب ڈالر زیادہ ہے۔
جریدے کے مطابق، دو تہائی ارب پتی امیر ہو گئے، دنیا کے 20 امیر ترین افراد ایک سال میں مجموعی طور پر 700 بلین ڈالر کماتے ہیں۔
فہرست کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ارب پتی امریکہ میں مقیم ہیں جن کی تعداد 813 ہے، اس کے بعد چین 473 اور بھارت 200 کے ساتھ ہے۔
فرانس کے برنارڈ آرناولٹ کو 2024 کی فہرست میں 233 بلین ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے۔
یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے، وہ گزشتہ سال کی فہرست میں 211 بلین ڈالر کے ساتھ سرفہرست تھے، یعنی ایک سال میں ان کے اثاثوں میں 22 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک 195 بلین ڈالر کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 195 بلین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئے جبکہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ 177 بلین ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئے۔
بھارت کے مکیش امبانی 116 بلین ڈالر کے ساتھ دنیا کے 9ویں اور ایشیا کے امیر ترین شخص قرار پائے۔
دنیا کی امیر ترین خاتون فرانس کی فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرز کو قرار دیا گیا ہے جو 99.5 بلین ڈالرز کی مالک ہیں جب کہ وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 15ویں نمبر پر ہیں۔
ایلس والٹن 72.3 بلین ڈالر کے ساتھ دنیا کی دوسری سب سے امیر ترین خاتون (مجموعی طور پر 21ویں) جبکہ جولیا کوچ 64.3 بلین ڈالر کے ساتھ تیسری (مجموعی طور پر 23ویں) امیر ترین خاتون ہیں۔
