ویڈیو: ٹی20 ورلڈکپ کیلئے نیویارک میں اسٹیڈیم کی تعمیر آخری مراحل میں داخل
نیویارک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے امریکی شہر نیویارک میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ICCT20 ورلڈ کپ کا میچ 9 جون کو نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
آئی سی سی نے اسٹیڈیم کی تازہ ترین ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایسٹ اور ویسٹ اسٹینڈز تکمیل کے قریب ہیں جب کہ 24,000 تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ نارتھ اور ساؤتھ اینڈز پر پریمیم ہاسپیٹلٹی اور میڈیا پویلینز پر تعمیر جاری ہے۔
بھارت کے تمام گروپ میچز اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو ہوگا۔
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ تعمیراتی کام منصوبے کے مطابق ہو رہا ہے، ناساو کرکٹ سٹیڈیم میں کارروائی شروع ہونے میں 2 ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔
شائقین اب بھی ورلڈ کپ میچوں کے ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں، جمعرات کو ہر میچ کے لیے مزید محدود ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
