شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک نئے ٹھوس ایندھن والے ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کے میڈیا کے مطابق یہ تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی نگرانی میں کیا گیا۔
اس حوالے سے کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ مختلف رینج کے تمام ٹیکٹیکل، آپریشنل اور اسٹریٹجک گریڈ میزائلوں کو مکمل طور پر ٹھوس ایندھن میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ روز بھی مبینہ طور پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے باوجود میزائل اور جوہری ہتھیار بنا رہا ہے جب کہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹھوس ایندھن والے میزائل مائع ایندھن کی مختلف اقسام سے زیادہ تیزی سے نصب کیے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔