بیوی کو قتل کرکے بیڈ روم میں دفن کرنے والا شخص 38 سال بعد گرفتار

دنیا

سعودی عرب میں پراسیکیوشن سروس کے انسپکٹر ولید الحسن نے قتل کے ایک واقعے کا انکشاف کیا ہے جس میں 38 سال بعد حقائق سامنے آئے ہیں۔

بیوی کو قتل کرنے کے بعد شہری نے لاش بیڈ روم میں دفن کر دی اور سالی سے شادی کر لی۔
عاجل نیوز کے مطابق روتانا خلیجیہ چینل کے پروگرام میں انسپکٹر آف پراسیکیوشن ولید الحسن نے دل دہلا دینے والی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ قاتل نے اپنی زندگی کے 38 سال سالی کے ساتھ اسی کمرے میں گزارے جہاں اس کی بیوی کو دفن کیا گیا تھا اور کسی کو شبہ تک نہیں ہونے دیا۔
انسپکٹر ولید الحسن نے مزید بتایا کہ مملکت کے دور دراز علاقے میں ایک شہری کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے بیوی کو قتل کر کے بیڈ روم میں دفن کر دیا اور فرش کو دوبارہ سیمنٹ سے پختہ کر دیا۔
مبینہ قاتل نے دوسرے علاقے میں رہنے والے سسرال والوں کو بتایا کہ ان کی بیٹی کینسر سے مر گئی ہے اور اسے دفن کر دیا گیا۔
اس شخص نے اپنی سالی سے دوبارہ شادی کر لی اور نئی دلہن کے ساتھ اسی کمرے میں رہنے لگا جہاں اس کی پہلی بیوی کو دفن کیا گیا تھا۔
دلہن نے کئی بار اپنے شوہر سے پوچھا کہ اس کی بہن کو کہاں دفن کیا گیا ہے لیکن ہر بار اس نے اسے مارا پیٹا اور اسے خاموش رہنے کو کہا۔
پراسیکیوشن انسپکٹر کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کو 38 سال گزر چکے ہیں، اس دوران ملزمان نے مزدوروں کو گھر میں ترمیم کے لیے بلایا۔ بیڈ روم کا فرش کھود کر دیکھا تو انسانی ہڈیاں ملیں جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے ہڈیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا اور پتہ چلا کہ وہ اس شخص کی بیوی کی ہیں، جو اس کی دوسری بیوی، اس کی سالی کے ڈی این اے سے مماثل ہیں، جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ قتل کے 38 سال بعد قدرت نے قاتل کو بے نقاب کر دیا۔