پنجاب میں اسموگ خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان، ایڈوائزری جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سموگ ایڈوائزری جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ ہفتے وسطی اور جنوبی پنجاب میں سموگ خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ، ملتان، لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ساہیوال ڈویژن میں سموگ خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن میں ہوا کے معیار کا انڈیکس بھی درمیانے سے خراب ہونے کی توقع ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں، باہر جاتے وقت ماسک پہنیں، مقامی ہوا کے معیار سے آگاہ رہیں، نظام تنفس کو سموگ کے اثرات سے بچانے کے لیے زیادہ پانی پییں۔
واضح رہے کہ سموگ کے پیش نظر نگراں پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جمعہ کو تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سموگ کے پیش نظر لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع گوجرانوالہ، وزیرآباد اور حافظ آباد میں 10 نومبر بروز جمعہ تعطیل کا اعلان کردیا۔
