میانداد قومی کرکٹرز کے حق میں بول پڑے، کھلاڑیوں کو مشورے بھی دیدئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے حق میں سامنے آگئے۔
ایشیا کپ میں پہلے بھارت اور پھر سری لنکا سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر قومی ٹیم کے کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا اور میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے دو روز قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے لیکن ٹیم کی ہار پر صرف کپتان پر تنقید کرنا درست نہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے بھی ٹیم کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم بہتر ہے، بھارت کے خلاف شکست کی وجہ صرف کپتان نہیں۔
اب لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری ٹیم اس طرح نہیں جس طرح ہاری، ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سمجھنا بہت ضروری ہے، بلے بازوں کے نمبرز کو غیر ضروری طور پر تبدیل نہیں کرنا چاہیے، ہر بلے باز جانتا ہے کہ فاسٹ بولر یا اسپنر کیا کر سکتا ہے، کھلاڑی کو معلوم ہونا چاہیے کہ بولر کا سامنا کیسے کرنا ہے۔ .
جاوید میانداد نے قومی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ عملی طور پر ممکنہ مقابلے کے مطابق تیاری کریں، بھارت میں آپ کو وہی کرکٹ کھیلنی ہے جو دنیا میں کہیں اور کھیلی جاتی ہے، آپ کو ہر حالت کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ آپ پروفیشنل کھلاڑی ہیں، کراؤڈ کا دباؤ نہ لیں اور صرف کھیل پر توجہ دیں، آپ کو وکٹوں کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا۔
کپتان پر تنقید کے حوالے سے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم کچھ نہیں کر رہی تو کپتان پر تنقید کیوں کریں، فیصلہ سازی کی مہارت تجربے کے ساتھ آتی ہے، ورلڈ کپ بھارت میں ہو یا کہیں اور، کرکٹ نہیں بدلے گی۔ .
