جاپان میں 7.1 شدت کے زلزلے سے ہلاکتیں 30 ہو گئیں، امدادی کارروائیاں جاری
ٹوکیو: جاپان میں 2 روز قبل آنے والے 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
جاپانی وزیرِ اعظم نے ہلاکتوں میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق تباہ ہونے والے ایک شاپنگ مال کے ملبے سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ اب تک 10 افراد کو بحفاظت زندہ بھی ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ ریسکیو اہلکار شدید گرمی اور مسلسل آفٹر شاکس کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق زلزلے سے گھروں، پلوں، شاہراہوں اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ ہزاروں شہری اب بھی بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور پانی کی بحالی، ملبہ ہٹانے اور بے گھر ہونے والے افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، جبکہ مزید آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
