قطری ایل این جی بردار جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزر گیا، ایرانی میڈیا کا دعویٰ

اہم خبریںتازہ تریندنیا

تہران: قطر کا ایک مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار بحری جہاز ایران کی اجازت سے بغیر کسی رکاوٹ کے آبنائے ہرمز عبور کر گیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) سے وابستہ خبر رساں ادارے فارس نیوز نے اس پیش رفت کو گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران ایل این جی کی پہلی کامیاب ترسیل قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بحری جہاز نے اپنے پورے سفر کے دوران ٹریکنگ ڈیٹا مسلسل نشر کیا اور ایران کی جانب سے مختص کردہ بحری راستہ اختیار کیا، جس کے باعث اس کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری رہی۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جہاز نے آبنائے ہرمز بغیر کسی رکاوٹ یا ناخوشگوار واقعے کے عبور کر لی اور اب بین الاقوامی پانیوں کی جانب اپنے سفر پر گامزن ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی توانائی کی تجارت کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔ اس لیے اس راستے پر بحری نقل و حرکت کی بحالی کو عالمی توانائی منڈیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

تاہم اس حوالے سے قطر یا دیگر بین الاقوامی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ خبر کی بنیاد ایرانی میڈیا کی رپورٹ ہے۔