ورلڈ کپ سے قبل بھارتی ہاکی ٹیم کی نئی نارنجی جرسی پر تنازع، سابق کپتان برس پڑے
نئی دہلی: آئندہ مردوں اور خواتین کے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل بھارتی ہاکی ٹیم کی نئی نارنجی جرسی تنازع کا باعث بن گئی۔ بھارتی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ٹیم کی روایتی نیلی جرسی تبدیل کرکے نارنجی رنگ متعارف کرانے کے فیصلے پر سابق بھارتی کپتان ویرین راسکوئنہا نے سخت تنقید کی ہے۔
سابق کپتان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی ہاکی ٹیم کی شناخت اور تاریخ ہمیشہ نیلی جرسی سے وابستہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کئی برس فخر کے ساتھ نیلی جرسی پہن کر ملک کی نمائندگی کی، جبکہ شائقین بھی بھارتی ٹیم کو اسی رنگ میں دیکھنے کے عادی ہیں، ایسے میں ورلڈ کپ سے قبل جرسی کا رنگ نارنجی کرنے کی کوئی واضح منطق سمجھ نہیں آتی۔
ویرین راسکوئنہا کے مطابق قومی ٹیم کی جرسی صرف لباس نہیں بلکہ ایک تاریخی شناخت اور ورثہ ہوتی ہے، جسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ مردوں کا ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 14 سے 30 اگست تک بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا، جبکہ خواتین کا ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک جاری رہے گا۔
پاکستان کی مردوں کی ٹیم کو پول ڈی میں انگلینڈ، ویلز اور روایتی حریف بھارت کے ساتھ رکھا گیا ہے، جہاں پاک بھارت مقابلہ بھی شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوگا۔
بھارت گزشتہ 50 برس سے ہاکی کا عالمی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ 2023 کے ہاکی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نویں پوزیشن پر رہی تھی۔
