پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال

اہم خبریںپاکستان

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کہیں درمیانے اور کہیں اونچے درجے کا سیلاب دیکھا جا رہا ہے، جبکہ حالیہ اور آئندہ شدید بارشوں کے باعث پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی آمد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جہاں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ اس مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 29 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 63 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے سندھ میں بھی پانی کی صورتحال تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ پانی کی آمد 2 لاکھ 55 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ البتہ تونسہ، کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

پاکستان: طوفانی بارشوں اور سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 739 ہوگئی

پی ڈی ایم اے کے مطابق شاہدرہ کے مقام پر پانی کی آمد 14 ہزار کیوسک ہے جو معمول کے مطابق ہے۔ تاہم بسنتر نالہ اور پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ حکام نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔