جھوٹی خبریں، بھارتی صحافی ارناب گوسوامی کے خلاف مقدمہ درج

اہم خبریںدنیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلانے کے الزام میں بھارتی صحافی ارناب گوسوامی اور بی جے پی کے آئی ٹی ونگ کے سربراہ امیت مالویہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ مقدمہ انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے درج کرایا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ارناب گوسوامی اور امیت مالویہ نے جان بوجھ کر جھوٹ پر مبنی بیانیہ تشکیل دیا تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے اور سیاسی مفادات حاصل کیے جا سکیں۔

پولیس کے مطابق، دونوں افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ دونوں شخصیات نے نہ صرف ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ علاقائی امن کے لیے بھی خطرہ پیدا کیا۔

جھوٹا پروپیگنڈا، عوامی اشتعال اور بین الاقوامی سبکی

حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران ارناب گوسوامی متعدد بار اپنے چینل پر پاکستان مخالف بے بنیاد دعوے کرتے رہے۔ ان کی رپورٹنگ کو کئی حلقوں نے ‘ریاستی پروپیگنڈا’ قرار دیا، جس کا مقصد بھارتی عوام میں پاکستان کے خلاف نفرت کو ابھارنا تھا۔

معروف امریکی ماہرِ سکیورٹی اسٹڈیز اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر کرسٹین فیئر بھی گوسوامی کے پروگرام میں پیش آنے والے ایک واقعے کی وجہ سے سرخیوں میں رہیں۔
کرسٹین فیئر نے پروگرام کے دوران ارناب گوسوامی کے اندازِ گفتگو اور شو کی ‘جنگجوانہ بکواس’ پر احتجاجاً شو چھوڑ دیا۔
بعد ازاں، ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا:
"یہ شو چیخ و پکار اور بدمزاجی کا مرکز تھا، میرے پاس اس بکواس میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اور بھی بہت کچھ ہے۔”