’پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا محافظ ہے‘ دفتر خارجہ نے گولڈن ٹیمپل پر بھارتی الزام مسترد کردیا

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسلام آباد: پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے بھارتی فوج کے الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد، من گھڑت اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "پاکستان جیسے ملک کے لیے گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا تصور بھی ناقابل فہم ہے۔” ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا مقصد صرف اپنے قابل مذمت اقدامات سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت نے خود 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، جو مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی اصولوں کی پامالی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ "پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا محافظ ہے۔ ہر سال ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں اور کرتارپور راہداری کے ذریعے بغیر ویزے رسائی حاصل کرتے ہیں، جو پاکستان کی مذہبی رواداری کی روشن مثال ہے۔”

بیان کے اختتام پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان مذہبی ہم آہنگی، مقدس مقامات کے احترام اور بین المذاہب امن کے اپنے عزم پر قائم ہے، جب کہ بھارت کو جھوٹے الزامات کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔