بیٹنگ ایپس کو فروغ دینے پر فلمی ستاروں کے خلاف ایف آئی آر درج
بھارت میں غیر قانونی بیٹنگ ایپس کی تشہیر کرنے پر فلمی ستاروں کے خلاف بڑا ایکشن! تلنگانہ پولیس نے معروف اداکار رانا دگوبتی، پرکاش راج، وجے دیورکونڈا، منچو لکشمی سمیت 25 دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ ایک تاجر پھنیندرا شرما کی شکایت پر درج کیا گیا، جس میں ان شخصیات پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی بیٹنگ ایپس کے اشتہارات کرکے عوام کو گمراہ کیا۔
ایف آئی آر میں شامل دیگر مشہور شخصیات میں پرنیتھا، ندھی اگروال، اننیا ناگلہ، سری ہنومنتھو، سری مکھی، ورشنی ساؤنڈراجن، وسانتی کرشنن، شوبا شیٹی، امروتھا چودھری، نیانی پوانی، نیہا پٹھان، پانڈو، پدھماوتی، عمران خان، سنیاو، وِیشا، وِسانتی اور دیگر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ شخصیات سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر ان ایپس کی تشہیر کر رہی تھیں، جس کے باعث کئی افراد ان میں سرمایہ کاری کرکے نقصان اٹھا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں غیر قانونی بیٹنگ ایپس پر کریک ڈاؤن جاری ہے، اور اس سے قبل بھی کئی مشہور شخصیات کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔
