جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: عمران خان کو ذاتی حیثیت یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کیا جائے، تاہم انہیں ذاتی حیثیت میں لانے یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔
سماعت کے دوران سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔
جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کیا ہے؟
بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس پر حملے اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا۔ کیس میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنما اور کارکن نامزد ہیں۔
