پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر 7 اکتوبر کے بعد اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، حافظ نعیم الرحمان
کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خاتمے کے مطالبے کے لیے 7 اکتوبر کے بعد احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر ریلیف پیکج دینا کوئی احسان نہیں بلکہ دباؤ کے نتیجے میں یہ اقدام کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں تقریباً 40 لاکھ موٹر سائیکلیں ہیں، تاہم حکومتی ریلیف پیکج سے تمام موٹر سائیکل سوار مستفید نہیں ہو رہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مستقل حل پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔ اس معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ نظام بنانے کی کوشش قابل قبول نہیں، یہ سلسلہ مزید نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے معاملے پر جماعت اسلامی 7 اکتوبر کے بعد اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
فلسطین کے معاملے پر بھی آواز اٹھاتے رہیں گے
فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے خلاف شدید مظالم جاری ہیں اور امریکا بھی اسرائیل کی کارروائیوں میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پوری امت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، اس لیے جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ظالم کے ساتھ نہیں۔
