پنک سالٹ سے کاروبار اور برآمدات بڑھانے کیلئے 5 ارب روپے کی اسکیم
پنجاب حکومت نے پنک سالٹ کو خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے اس سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے اور عالمی منڈی میں پاکستانی برانڈ کے طور پر متعارف کرانے کے لیے 5 ارب روپے کی بلاسود فنانسنگ اسکیم شروع کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے 10 کاروباری افراد میں قرضوں کے چیک بھی تقسیم کیے۔ حکام کے مطابق اسکیم کے تحت اہل کاروبار کو 5 کروڑ روپے تک بلاسود فنانسنگ فراہم کی جاسکتی ہے، جبکہ پنجاب حکومت اس اسکیم کے تحت سود کی مد میں تقریباً 1.456 ارب روپے برداشت کرے گی۔
اس اسکیم کا بنیادی مقصد پنک سالٹ کو صرف خام مال کی صورت میں بیرون ملک بھیجنے کے بجائے اس کی پراسیسنگ، پیکیجنگ، برانڈنگ اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کرنا ہے۔
حکومت کے مطابق پنک سالٹ سے متعلق صنعت کے فروغ کے لیے خوشاب کے علاقے قائدآباد میں 110 ایکڑ پر مشتمل پنک سالٹ منرل پروسیسنگ زون بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس خصوصی صنعتی زون میں تقریباً 200 ویلیو ایڈیشن یونٹس قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جن سے 10 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن، بہتر پیکیجنگ اور برانڈنگ کے ذریعے سالانہ برآمدات میں 300 ملین ڈالر تک اضافہ ممکن ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پنک سالٹ کی برانڈنگ، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان کو صرف خام پنک سالٹ برآمد کرنے کے بجائے تیار اور برانڈڈ مصنوعات عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانی چاہئیں۔ حکومت کی جانب سے نوجوان کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو بھی اس شعبے میں مواقع فراہم کرنے اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں سہولت دینے کی بات کی گئی ہے۔
پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے منصوبے کو پنجاب کے معدنی وسائل کو مقامی صنعت، روزگار اور برآمدات سے جوڑنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ سرکاری دستاویزات میں بھی پنک راک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن اور مقامی سطح پر ایکسپورٹ معیار کی مصنوعات تیار کرنے کو ترجیح دی گئی ہے۔
اس اسکیم کے تحت اگر کاروباری افراد خام نمک کو پراسیس کرکے کھانے کے نمک، گفٹ پیکجز، کاسمیٹکس اور دیگر تیار مصنوعات کی شکل میں عالمی مارکیٹ تک پہنچانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس سے پاکستان کی پنک سالٹ برآمدات میں ویلیو ایڈیشن کا حصہ بڑھ سکتا ہے۔
