فنانس ایکٹ 2026: غلط ان پٹ ٹیکس کریڈٹ پر 20 فیصد جرمانہ عائد ہوگا
اسلام آباد: فنانس ایکٹ 2026 کے تحت غلط یا غیر مطابقت رکھنے والے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کا دعویٰ کرنے والے ٹیکس دہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایسے ٹیکس دہندگان کو اصل ٹیکس کی واپسی اور ڈیفالٹ سرچارج کے علاوہ 20 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
فنانس ایکٹ کے تحت جعلی انوائسز کی بنیاد پر کلیم کیے گئے ٹیکس کریڈٹ کو مقررہ مدت میں واپس نہ کرنے پر بھی 20 فیصد جرمانہ عائد ہوگا۔
قانون کے مطابق ایف بی آر کا کمپیوٹرائزڈ نظام اگر کسی رجسٹرڈ شخص کی جانب سے کسی ٹیکس پیریڈ میں کلیم کیے گئے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ اور متعلقہ سپلائر کی جانب سے اسی یا قریبی ٹیکس پیریڈ میں ظاہر کیے گئے آؤٹ پٹ ٹیکس میں عدم مطابقت کی نشاندہی کرے گا تو متعلقہ ٹیکس دہندہ کو نوٹس جاری کیا جائے گا۔
ٹیکس دہندہ کو وضاحت پیش کرنے اور سماعت کا موقع دینے کے بعد اگر ٹیکس کریڈٹ میں موجود فرق برقرار رہنے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو متعلقہ شخص کو غیر قابلِ قبول ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی رقم واپس کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ غیر مطابقت رکھنے والی ان پٹ ٹیکس کی رقم کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، جبکہ انکم ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 34 کے تحت ڈیفالٹ سرچارج بھی وصول کیا جائے گا۔
