عمران خان بالکل فٹ ہیں، ان کی بہن نے خود بتا دیا، خواجہ آصف

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق معاملہ ان کی بہن کے بیان کے بعد واضح ہو گیا ہے، کیونکہ انہوں نے خود پریس کانفرنس میں بتایا کہ عمران خان الحمدللہ بالکل فٹ ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی بہن خود ڈاکٹر ہیں اور انہوں نے ڈاکٹروں کے ہمراہ اپنے بھائی سے ملاقات کی، اس دوران ان کا بلڈ پریشر بھی خود چیک کیا جو بالکل نارمل تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے دیا گیا بیان ان کے مداحوں، بالخصوص بیرون ملک موجود حامیوں کو پسند نہیں آیا۔

وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے بعض حامی اداسی اور اضطراب کی فضا برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ احتجاج کو ہوا دی جا سکے اور بانی پی ٹی آئی کی واپسی کے لیے ملک میں بحران پیدا کرکے حکومت کی تبدیلی کی راہ ہموار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی امیدیں دم توڑ چکی ہیں، تاہم اب غیر ملکی میڈیا کے ذریعے عمران خان کی صحت کو انتہائی خراب ظاہر کرکے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان کی صحت انتہائی خراب ہونے کا دعویٰ جھوٹ ہے اور متعلقہ افراد کو اس جھوٹ کی شدید ضرورت ہے۔