ٹرمپ کا ایران کے خلاف معاشی جنگ کا اعلان امریکا کے لیے مزید شکست لائے گا: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ کا امریکی پابندیوں پر ردعمل، اقتصادی پابندیوں کو ’’اقتصادی دہشت گردی‘‘ قرار دے دیا
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف معاشی جنگ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام امریکا کے لیے مزید شکست کا باعث بنے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کے خلاف نام نہاد معاشی جنگ کا اعلان دراصل امریکا کو درپیش اپنے بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی اقتصادی پابندیوں کو ’’اقتصادی دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پابندیاں صرف ایران ہی نہیں بلکہ عالمی معیشت اور دنیا بھر کے ممالک کی خودمختاری کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان کے ساتھ ایک امریکی اخبار کی گزشتہ روز کی سوشل میڈیا پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں امریکا کے قرضوں کے 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا ذکر کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اشارہ دیا کہ امریکا کو بیرونی ممالک پر معاشی دباؤ ڈالنے کے بجائے اپنے بڑھتے ہوئے معاشی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
