شہری دفاتر کے چکر نہ لگائیں، آن لائن درخواست دیں، کام بھی آن لائن ہوگا: مریم نواز

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوز

پنجاب کے تمام محکموں کو ایک پورٹل پر لے آئے، 1 لاکھ 17 ہزار کاروباروں کو اجازت مل چکی: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں سرکاری امور کو روایتی طریقوں تک محدود نہیں رکھا جا سکتا، پنجاب میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں۔

آئی ٹی بورڈ اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت آئی ٹی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت کی جانب بڑھ رہی ہے اور آج ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کی تمام وزارتوں اور محکموں کو ایک پورٹل پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ اب تک 1 لاکھ 17 ہزار کاروباروں کو اجازت دی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں کاروباری اجازت ناموں کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم اب یہ عمل نمایاں طور پر تیز کیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں اور کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے آن لائن درخواست دیں، ان کا کام بھی آن لائن ہی مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہری مریم کی دستک کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں اور 2 سے 3 دن میں دستاویزات گھر کی دہلیز پر پہنچ جائیں گی۔

نکاسی آب کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے سیوریج نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور نکاسی آب کے پورے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گجرات میں ریکارڈ بارش کے باوجود پانی 2 گھنٹے میں نکال دیا گیا، جبکہ شہروں میں نکاسی آب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کے مختلف شہروں کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہری مسائل کی بروقت نشاندہی اور ان کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

بدعنوانی کے خاتمے کا دعویٰ

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ صوبے سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور حکومت عوام کے پیسے کو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عوام کا پیسہ رشوت اور بدعنوانی کی نظر نہ ہو۔