ناروے کے وزیر خارجہ 10 سال بعد اسلام آباد پہنچ گئے، پاکستان کی ثالثی کا کردار سراہا
اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت کے امور پر بات چیت
اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزارت خارجہ پہنچنے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ اور اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور بحری امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے قریبی اور مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 78 سال پر محیط شراکت داری موجود ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے کہا کہ پاکستان اور ناروے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے موجودہ علاقائی کشیدگی کو عالمی امن اور معیشت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے مشکل حالات میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ایسپن بارتھ ایدے نے امریکا ایران تنازع میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور پاکستان کی جانب سے ثالثی و سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے مشکل وقت میں دلیرانہ کردار ادا کیا اور علاقائی و عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔
تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے موسمیاتی تبدیلی، بحری امور، تعلیم اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان اور ناروے نے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد زیرِ التوا معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے قانونی راستوں پر کام جاری رکھنے کا فیصلہ
مذاکرات میں ناروے میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قانونی راستوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک عوامی رابطوں کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ ہنرمند پاکستانیوں کے لیے ناروے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قانونی طریقہ کار پر کام جاری رکھیں گے۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوامی روابط کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناروے کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کاروبار کررہی ہیں اور ملکی ترقی و معاشی نمو میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
