محسن نقوی کا دورۂ ایران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کیلئے اہم، دفتر خارجہ
تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں، پاکستان امریکا ایران مذاکرات کیلئے بھی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورۂ ایران دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی سے متعلق امور اور خطے کی موجودہ صورتحال، بالخصوص امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ محسن نقوی منگل کو تہران پہنچے، جہاں وہ اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، سکیورٹی معاملات اور علاقائی پیش رفت پر بات چیت ہو رہی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران پہنچنے پر محسن نقوی کا استقبال ان کے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی نے کیا، جبکہ بعد ازاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقاتیں کیں۔
امریکا، ایران مذاکرات کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں جاری بحران کے حل کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مل کر مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو آگے بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کی راہ ہموار کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان براہِ راست اور بالواسطہ سفارتی ذرائع کے ذریعے ان عناصر کی کوششوں کو ناکام بناتا رہے گا جو مذاکراتی عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، جبکہ اختلافات کے حل کے لیے تعمیری مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا جائے گا۔
مکہ دفاعی معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے، دفتر خارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان گزشتہ ہفتے مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔
ان کے مطابق معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے موجود برادرانہ تعلقات اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ ذمہ داری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی اور مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت رکھتا ہے اور رکن ممالک کو درپیش خطرات اور سکیورٹی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی بیان مسترد
دفتر خارجہ نے آزاد جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے حالیہ بیان کو بھی مسترد کردیا۔
طاہر اندرابی نے بھارتی بیان کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو آزاد کشمیر سے متعلق بیانات دینے کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا استعمال، گرفتاریوں، سیاسی آزادیوں پر پابندیوں اور سخت قوانین کے استعمال سے متعلق عالمی سطح پر تشویش موجود ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان آزاد جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق اور جمہوری آزادیوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل کرے۔
پاکستان کی متوازن علاقائی سفارت کاری جاری
محسن نقوی کا دورۂ ایران ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان ایک طرف ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کے لیے رابطے بڑھا رہا ہے جبکہ دوسری جانب سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعاون کو بھی نئی سطح پر لے جایا جا رہا ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق اسلام آباد کی ترجیح خطے میں کشیدگی کم کرنا، سفارتی رابطوں کو فروغ دینا اور تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا ہے۔
