اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے موبائل فون برآمد، 3 اٹک جیل منتقل، 5 اہلکار معطل
تلاشی کے دوران 3 قیدیوں سے موبائل فون ملے، غفلت برتنے پر جیل ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں تلاشی کے دوران 3 قیدیوں سے موبائل فون برآمد ہونے پر انہیں اٹک جیل منتقل کردیا گیا، جبکہ غفلت برتنے پر جیل کے 5 ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران ٹریفک وارڈن کے قتل کیس میں سزا یافتہ قیدی راجہ رعد، محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے ملازم کے قتل کیس میں قید ملک حماد اور ایک اور قیدی شازیب ولد اکرم سے موبائل فون برآمد ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون برآمد ہونے کے بعد تینوں قیدیوں کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا، جبکہ جیل میں فرائض کی انجام دہی کے دوران غفلت برتنے پر 5 ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کردیا گیا۔
جیل حکام کی جانب سے واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ممنوعہ موبائل فون قیدیوں تک کیسے پہنچے۔
