واٹس ایپ اکاؤنٹ اچانک بلاک ہوگیا؟ ہزاروں صارفین متاثر، میٹا نے وجہ بتا دی

پاکستانتازہ تریندنیاسائنس ٹیکنالوجی

دنیا بھر میں صارفین کو اکاؤنٹ ریویو کا پیغام موصول، میٹا نے تکنیکی مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے متاثرہ اکاؤنٹس کی رسائی بحال کرنے پر کام شروع کردیا

لاہور : اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ اچانک بلاک یا ڈس ایبل ہوگیا ہے اور اسکرین پر اکاؤنٹ ریویو کا پیغام دکھائی دے رہا ہے تو آپ اکیلے نہیں، دنیا بھر میں متعدد صارفین کو اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نے شکایت کی کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس اچانک بلاک ہوگئے اور وہ معمول کے مطابق ایپ استعمال نہیں کر پا رہے۔

متاثرہ صارفین کے مطابق اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش پر واٹس ایپ کی جانب سے پیغام دکھائی دیتا ہے کہ اکاؤنٹ اور ڈیوائس کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ صارف واٹس ایپ کی شرائط پر عمل کر رہا ہے یا نہیں۔ صارفین کو جائزے کے نتیجے سے 24 گھنٹوں کے اندر آگاہ کرنے کا پیغام بھی دیا جا رہا ہے۔

میٹا نے مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واٹس ایپ میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث بعض صارفین کے اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں اور کمپنی مسئلے کو حل کرکے اکاؤنٹس تک رسائی بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ خرابی کی بنیادی وجہ کیا ہے، کتنے صارفین متاثر ہوئے اور کن ممالک یا خطوں میں اس کا اثر زیادہ ہے۔

واٹس ایپ کے دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد صارفین ہونے کے باعث نسبتاً محدود نوعیت کی خرابی بھی ہزاروں صارفین کو متاثر کرسکتی ہے۔

کمپنی کے بیان سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ اچانک بلاک ہونے والے تمام اکاؤنٹس لازمی طور پر صارفین کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کا نتیجہ نہیں، بلکہ موجودہ تکنیکی مسئلہ بھی اس کی وجہ ہوسکتا ہے۔