ملتان کا یوسف رضا گیلانی فلائی اوور خطرناک،سڑک پر لوہے کی پٹیاں غائب، گہرے گڑھے حادثات کا سبب بننے لگے

تازہ ترینساؤتھ نیوزملتانویڈیوز

سڑک کے جوڑوں سے لوہے کی پٹیاں اکھڑنے کے بعد خطرناک خلا پیدا، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان، شہریوں کا فوری مرمت کا مطالبہ

ملتان : ملتان کے مصروف یوسف رضا گیلانی فلائی اوور کی خستہ حالی شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی۔ بھمانجی چوک کی جانب سے فلائی اوور پر چڑھتے ہوئے سڑک کے مختلف جوڑوں میں نصب لوہے کی پٹیاں اکھڑ کر غائب ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر گہرے خلا اور گڑھے بن گئے ہیں۔

موقع کی صورتحال کے مطابق یہ مسئلہ کافی عرصے سے موجود ہے، تاہم بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث سڑک کے جوڑ مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ فلائی اوور سے روزانہ گزرنے والے موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کے لیے یہ گڑھے خصوصاً رات کے اوقات میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

شہریوں کے مطابق اچانک گہرے گڑھوں میں ٹائر آنے سے موٹر سائیکل سوار توازن کھو سکتے ہیں جبکہ گاڑیوں کے ٹائروں اور سسپنشن کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس مقام پر حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں اور اگر فوری مرمت نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ موجود ہے۔

فلائی اوور پر نکاسی آب کا مسئلہ بھی سامنے آ رہا ہے۔ لوہے کی پٹیاں اکھڑنے کے بعد پیدا ہونے والی خالی جگہوں میں مٹی اور کچرا جمع ہونے سے بارش کا پانی رک جاتا ہے، جس سے سڑک مزید خراب ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صرف یوسف رضا گیلانی فلائی اوور ہی نہیں بلکہ کچہری چوک فلائی اوور کے بعض حصوں پر بھی اسی نوعیت کے مسائل موجود ہیں، جبکہ ممتاز آباد فلائی اوور کی اپ گریڈیشن کی جا چکی ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی فلائی اوور کا فوری تکنیکی معائنہ کرکے غائب لوہے کی پٹیاں دوبارہ نصب اور سڑک کے خطرناک حصوں کی مرمت کی جائے، تاکہ کسی جانی حادثے سے پہلے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔